چین کی مدد سے 5اقتصادی راہداریوں کا آغاز :احسن اقبال
اسلام آباد (اے پی پی) وفا قی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا حکومت چین کی مدد سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے جارہی ہے۔
مستقبل قریب میں چین کی مدد سے پانچ اقتصادی راہداریوں کا آغاز، بلوچستان کے عوام کیلئے کاروباری مواقع میں اضافے کیلئے مرکز قائم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گوادر ایئرپورٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو ں گے ۔ علاقائی روابط میں ایس سی او کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریلوے لائن اور سڑکوں کی تعمیر سے و سط ایشائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے ۔ خطے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے گوادر اور عمان کے درمیان بحری راستوں کی بحالی کی جا سکتی ہے جس کیلئے گوادر اور عمان کے درمیان بحری راستوں کو بحال کرنا اہم اقدام ہو سکتا ہے ، اس سے نہ صرف پاکستان اور عمان کے تجارتی روابط میں بہتری آئے گی بلکہ خطے کیلئے اہم تجارتی راہداری کے طور پر بھی کام کرے گا جو وسطی ایشیائی ممالک کو بحیرہ عرب کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کر سکتا ہے ۔