عمران خان کا طبی معائنہ ، کانوں کی بیماری بدہضمی کی شکایت :میڈیکل رپورٹ

 عمران خان کا طبی معائنہ ، کانوں کی بیماری   بدہضمی کی شکایت :میڈیکل رپورٹ

اسلام آباد(خبرنگار ، مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اڈیالہ جیل میں طبی معائنے کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

میڈیکل رپورٹ پمز ہسپتال کے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مکمل فٹ اور ایکٹو ہیں۔میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہے ۔بانی پی ٹی آئی کو 5 روز سے بدہضمی کی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے سے ہی دوائیاں استعمال کررہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ کچھ ماہ سے کانوں کی بیماری( ٹنی ٹس )کی بھی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے ہی ادویات لے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کانوں کی بیماری سے متعلق کوئی نئی شکایت نہیں کی، بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں اور فی الوقت انہیں کسی نئی میڈیکیشن کی ضرورت نہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست پر کیا گیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا چیک اپ کیا اور ہمیں بتایا گیا وہ صحت مند ہیں۔اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہناتھاکہ آج شام4 بجے 2 ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا، ڈاکٹروں میں ای این ٹی اور میڈیکل سپیشلسٹ شامل تھے ۔انہوں نے کہا ہمیں بتایا گیا ہے بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں اور انہوں نے ایک گھنٹہ ورزش کی۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ کارکنوں کا شکر گزار ہوں جو بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق فکرمند تھے ۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں کی 2 رکنی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا۔اس سے قبل ذاتی معالج کو اجازت نہ ملی جو سکیو رٹی عملے کو اپنے پروفیشنل کوائف دکھانے میں ناکام رہے ، جیل عملے نے جیل میں جانے کی اجازت نہیں دی، انتظار کرنے کے بعد ڈاکٹر عاصم بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کیے بغیر واپس روانہ ہو گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں