سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں علی امین اور حماد اظہر میں سخت جملوں کا تبادلہ
اسلام آ باد (آئی این پی )تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور حماد اظہر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں علی امین گنڈاپور احتجاج موخر کرنے کے حق میں بات کرتے رہے ، حماد اظہر نے ایس سی او کانفرنس کے دوران احتجاج کرنے پر زور دیا۔ علی امین نے حماد اظہر کو جواب دیا کہ آپ خود روپوش ہو اور ورکرز کو کہہ رہے ہو باہر نکلو، میں دو مرتبہ اسلام آباد آیا پنجاب کی قیادت غائب تھی، میرے ارکان اسمبلی گرفتار ہیں صوبے کے ورکرز کو بھی بچانا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر نے علی امین سے جواب میں کہاکہ الزام مت لگائیں احتجاج کریں میں پنجاب سے لیڈ کروں گا۔ حماد اظہر نے جواب میں کہا کہ آپ کی گفتگو کا انداز سیاسی، اخلاقی اور تہذیب سے ہونا چاہیے ، اگر اختلاف ہے تو تضحیک آمیز الفاظ مت استعمال کریں، آپ طعنے نہ دیں ورکرز کو آپ بھی ڈی چوک پر چھوڑ کر فرار ہوئے ۔ مولانا فضل الرحمن کی ٹنڈو الٰہ یار میں کانفرنس پر بھی کمیٹی میں مشاورت ہوئی، پی ٹی آئی کمیٹی نے مولانا فضل الرحمن کے احتجاج موخر کرنے کی درخواست کو منظور کیا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے علی امین گنڈاپوراور حماد اظہر کی تلخی پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ میں اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتا،میرے لیے یہ تشویشناک ہے ۔