آزادی مارچ کیس: عمران خان ،گنڈا پور سمیت تمام ملزم بری

آزادی مارچ کیس: عمران خان ،گنڈا پور سمیت تمام ملزم بری

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں )سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ شہزادخان کی عدالت نے حقیقی آزادی مارچ پر تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور،عمران اسماعیل سمیت تمام ملزموں کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے بریت کی درخواستیں منظور کرلیں ،عدالت نے بانی پی ٹی آئی،وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور،عمران اسماعیل،راجہ خرم شہزاد،علی نواز اعوان سمیت تمام ملزموں کو بری کرنے کا حکم سنادیا،ملزموں کے خلاف2022 میں مقدمہ نمبر260 درج کیاگیاتھا۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت پی ٹی آئی وکلاء کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرنے پر درج مقدمہ کے معاملہ میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 28 اکتوبر تک توسیع کردی گئی۔گزشتہ روز انسداددہشتگردی عدالت کے دونوں ججز کے رخصت پر ہونے کے باعث ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، سلمان اکرم راجہ اپنے وکلاء نیاز اللہ نیازی سردار مصروف و دیگر کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں