رواں برس پولیو وائرس سے 3بچے جاں بحق،39 متاثر
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں رواں برس پولیو سے 3بچے جاں بحق ہوگئے ۔ذرائع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جاں بحق بچوں کا تعلق کراچی اوربلوچستان سے ہے ۔ذرائع ای او سی نے مزید بتایا کہ جاں بحق بچہ عبداللہ بن قاسم ٹاؤن ڈسٹرکٹ ملیر کراچی کارہائشی تھا۔
، جبکہ جاں بحق 2 بچوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ اور کوئٹہ سے تھا۔ذرائع ای او سی نے یہ بھی بتایا کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے ۔ سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 12 ہے ۔ رواں برس کراچی سے پولیو کے 4 کیس رپورٹ ہوئے ۔ پولیوکیسز ملیر، ضلع شرقی اور کیماڑی سے رپورٹ ہوئے ۔ذرائع ای او سی کے مطابق بلوچستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہے ، جبکہ خیبرپختونخوا میں 5، پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا۔ ذرائع ای او سی نے بتایا کہ 28 اکتوبر سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔