چھٹی کے باوجود لاہورکا آلودگی میں دنیا بھر میں پہلا نمبر برقرار

چھٹی کے باوجود لاہورکا آلودگی  میں دنیا بھر میں پہلا نمبر برقرار

لاہور( نیوز ایجنسیاں)لاہور میں چھٹی کے باوجود فضائی آلودگی میں کمی نہ ہوسکی، باغوں کے شہر کا آج بھی آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر کے شہروں میں پہلا نمبر برقرار ہے ۔

شہر میں سموگ کی اوسط شرح 409 ریکارڈ کی گئی ، برکی روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 593، ڈی ایچ اے کا 451 جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 416 پر پہنچ چکا ہے ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سموگ سے بچاؤ کیلئے اعلان جنگ کرتے ہوئے مصنوعی بارش کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ محکمہ ماحولیات، آرمی ایوی ایشن، سول ایوی ایشن، پی سی ایس آئی آر اور محکمہ موسمیات نے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے ،سموگ سے بچاؤ کیلئے بوقت ضرورت مصنوعی بارش کی جائے گی،مصنوعی بارش اور دیگر اقدامات کیلئے وسائل بھی مہیا کر دئیے گئے ہیں ۔سموگ کی شدت پرتمام اقدامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ مصنوعی بارش کیلئے عالمی معیار پرعمل کیا جائے گا،ایک بار مصنوعی بارش پر 50 سے 70 لاکھ روپے خرچ آئے گا۔انہوں نے کہازہریلا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، کارخانوں اور دیگرذرائع کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا ،زہریلے دھوئیں سے بچاؤ کے اقدامات سے ماحول بہتر کر لیں تو مصنوعی بارش کی ضرورت نہیں، عوام ملکر سموگ کیخلاف جہاد کو کامیاب بنائیں تو اس سے چھٹکارا حاصل کیاجاسکتا ہے ۔مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ شہری فوری کارروائی کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے ، صنعتوں سے دھواں اٹھنے اور دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی 1373 پر اطلاع دیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں