ایف بی آر :نمایاں صنعتکار سے 70 کروڑ روپے وصول
لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ہر سال اربوں روپے کا سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والی بڑی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے نمایاں صنعتکار سے 70کروڑ روپے وصول کر لئے ،آئندہ دنوں میں سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث ایک اور کاروباری شخصیت سے ایک ارب 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم وصول کئے جانے کا امکان ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک صنعت کار کی جانب سے رضاکارانہ طور پر 70 کروڑ روپے ادا کرنے کے بعد ایف آئی آر واپس لے لی گئی ہے ، صنعتکار سے خطیر رقم کی برآمدگی ثابت کرتی ہے کہ بڑے ادارے ٹیکس فراڈ میں ملوث ہیں۔یہ صنعتکار گینگز کے ساتھ ملی بھگت کرکے سیلز ٹیکس اور ریفنڈ کا استعمال کرتے ہوئے خزانے سے کروڑوں روپے ہڑپ کرجاتے ہیں،ان صنعتکاروں پر یہ شبہ بھی ہے کہ وہ مستند خریداری کیے بغیر جعلی انوائسز کے اجرا میں بھی ملوث ہیں۔ایف بی آر نے حال ہی میں سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث منظم گینگز کا سراغ لگایا ہے ، خیال کیا جاتا ہے کہ یہ گینگز بڑی کمپنیوں کو دیگر ٹیکس دہندگان کا پیسہ ہڑپنے کے لیے حقیقی خریداری کے بغیر جعلی انوائسز کے اجرا میں تعاون فراہم کرتے ہیں ۔