کلیدی عہدوں پر قادیانی ملکی خودمختاری کیلئے خطرہ :ختم نبوت کانفرنس

کلیدی عہدوں پر قادیانی ملکی خودمختاری  کیلئے خطرہ :ختم نبوت کانفرنس

لاہور(آئی این پی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام مرکز ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر میں منعقد ہونے والی43 ویں سالا نہ دو روزہ ختم نبوت کا نفرنس ملکی سلامتی ، لبنان اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے پرسوز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کلیدی عہدوں پرفائزسکہ بند قادیانی ملکی خود مختاری و استحکام اور خارجہ پالیسیوں کیلئے شدید خطرہ ہیں۔بیرون ممالک میں قادیانیوں کی اسلام و ملک دشمن سرگرمیوں کے تدارک کیلئے پاکستانی سفارتخانوں کو قادیانی آماجگاہ بننے سے بچایاجائے ۔ جبکہ کانفرنس سے ناظم اعلٰی مولانا عبدالغفور حیدری ایم این اے سمیت متعدد مذہبی رہنماؤں اور مقتدر شخصیات نے خطاب کیا۔مولانا عبد الغفور حیدری ایم این اے نے کہا کہ میں سب سے پہلے عالمی مجلس تحفظ نبوت کو چناب نگر میں ختم نبوت کا اجتماع منعقد کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ،قادیانی ختم نبوت اور ملک کے غدار ہیں ۔خواجہ مدثر محمود تونسوی نے کہا کہ ہمارے نبی کریم ؐ کو اللہ تعالیٰ نے سب سے زیادہ معجزات عطا فرمائے ،صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے کہا کہ میں ختم نبوت کے قائدین سے لیکر تمام خادمین کا شکر گزار ہوں ۔

سیدعدنان کاکا خیل نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کی دعوت و فکر ہماری دینی روایات کا حصہ ہیں ،قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوانے کے بعد آرام سے بیٹھنا احمقانہ سوچ کی غمازی کرتا ہے ،ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آقاکی ختم نبوت کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے ۔جمعیت علما پاکستان کے صدر ابوالخیر محمد زبیرنے کہا کہ 1974ء میں تمام مکاتب فکر کے اتحاد و یگانگت کی برکت سے قادیانی غیر مسلم اقلیت قرار دیئے گئے ۔ مولانا اللہ وسایا نے کہا کہ ماضی قریب میں سپریم کورٹ کا فیصلہ قادیانیوں کے کفر و ارتداد کی توثیق کر چکا ہے ۔مولانا محمد عاطف حنفی نے کہا کہ جو شخص ختم نبوت پر پہرا دے گا اللہ تعالیٰ اسے دنیا و آخرت میں کامیابیوں سے سرفراز فرمائے گا ۔قاری اکرام الحق مردان نے کہا کہ نبوت کے جھوٹے دعویدار اور توہین رسالت کرنے والوں کو زمین پر رہنے نہ دیا جائے ۔مولانا پیر ناصر الدین خاکوانی نے کہا کہ تمام اقوام عالم کے نبی حضرت محمدؐ ہی ہیں۔ مفتی محمد رضوان عزیز ، مفتی محمد شاہد مسعود، سائیں غلام اللہ ہالیجوی ، سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری ، مولانا قاضی احسان احمد،مولانا محمد انس ، مفتی خالد میر، مولانا نور محمد ہزاروی ، مولانا خالد عابد ،مولانا محمد رضوان عزیز سمیت مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں