نواز شریف دبئی پہنچ گئے ،ایک روز قیام کے بعد لندن جائینگے

 نواز شریف دبئی پہنچ گئے ،ایک روز قیام کے بعد لندن جائینگے

لاہور (نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف دبئی پہنچ گئے ، وہ دبئی میں ایک روز قیام کے بعد لندن روانہ ہونگے ۔ صدر مسلم لیگ ن غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہوئے ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے صبح 9 بجکر 22 منٹ پر دبئی روانہ ہوئے ۔نواز شریف ایک سال 4 دن کے بعد بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں، سابق وزیراعظم گزشتہ سال 21 اکتوبر کو لندن سے براستہ دبئی لاہور پہنچے تھے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف 5 ممالک کا دورہ کریں گے جن میں دبئی، امریکا، لندن اور یورپ کے ممالک شامل ہیں۔ دبئی میں ان کا قیام ایک روز کے لئے ہوگا جس کے بعد وہ لندن جائیں گے ۔نواز شریف 29 اکتوبر کو لندن سے امریکا جائیں گے جہاں 4 روز قیام کے بعد واپس لندن پہنچیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نومبر کے پہلے ہفتے میں لندن جائیں گی، چند روز قیام کے بعد نواز شریف اور مریم نواز یورپ کے مختلف ممالک کے دورے کریں گے ۔پارٹی ذرائع نے بتایا نواز شریف بیرون ممالک کے دوروں کے دوران اہم ملاقاتیں بھی کریں گے ، نوازشریف کا اپنے چیک اَپ کے لئے لندن کا دورہ شیڈول تھا لیکن آئینی ترامیم کے باعث انہوں نے اپنا دورہ دو بار ملتوی کیا تاہم اب نواز شریف لندن میں اپنا چیک اَپ بھی کروائیں گے ۔ نواز شریف کی لندن میں چند اہم سیاسی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں