قومی اسمبلی:کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف قراردادمنظور

قومی اسمبلی:کشمیر پر  بھارتی قبضے کیخلاف قراردادمنظور

اسلام آباد (نامہ نگار، اے پی پی)قومی اسمبلی نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں یوم سیاہ کے حوالہ سے کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کی قراردادکی متفقہ طورپرمنظوری دیدی۔

وفاقی وزیر امورکشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیرمقام نے ایوان میں قراردادپیش کی ،قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ 27اکتوبر1947 کو سری نگر میں بھارتی افواج کے داخل ہونے کی77ویں برسی کے موقع پر قومی اسمبلی کا یہ اجلاس کشمیری عوام کی اپنے ناقابل انتقال حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان سے پاکستان کی مکمل،سفارتی اخلاقی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام تنازع جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حتمی حل پر منحصر ہے ۔یہ ایوان بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرکی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ متنازعہ حیثیت، اسکے آبادیاتی ڈھانچہ اورسیاسی منظرنامے کوتبدیل کرنے کی بھارت کی مسلسل کارروائیوں کومستردکرنے کااعادہ کرتاہے ،یہ ایوان ہزاروں سیاسی کارکنوں کی طویل عرصہ سے نظربندی اورکئی کشمیری سیاسی جماعتوں پرپابندی کی مذمت کرتاہے ، ایوان اس بات کی نشاندہی کرتاہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں لوک سبھا /قانون سازاسمبلی کے انتخابات جموں وکشمیرکے عوام کے حق خودارادیت کامتبادل نہیں ہوسکتے ۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنائے ، تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرے ، کالعدم قرا ر دی گئی سیاسی جماعتوں پر پابندی ختم کرے ۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں عطائے شہریت (ترمیمی) بل 2024ئاور پاکستان شہریت (ترمیمی) بل 2024ئپیش کئے گئے ۔ ایوان میں رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے فرزنداور ایم این اے رضا حیات ہراج کے والد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں