تھاہ کوٹ ہائی وے اپ گریڈیشن:چین سے1.6ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

تھاہ کوٹ ہائی وے اپ گریڈیشن:چین سے1.6ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(مدثرعلی رانا)پاکستان تھاہ کوٹ سے رائے کوٹ قراقرم ہائی وے کی اپگریڈیشن کیلئے چین سے فنانسنگ حاصل کرے گا، وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت اقتصادی امور قراقرم ہائی وے کی تعمیر کیلئے فنانسنگ کیلئے چائنیز حکام سے بات چیت کر رہے ہیں ۔

باوثوق ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ چین سے 1.6 ارب ڈالر کی فنانسنگ لانگ ٹرم کیلئے حاصل کی جائے گی اور قراقرم ہائی وے کی اپگریڈیشن کیلئے چینی فرم کو پاکستان کی فرم کیساتھ شراکت داری سے کنٹریکٹ ایوارڈ کیے جانے کا امکان ہے ۔قراقرم ہائی وے کی تعمیر سی پیک کاحصہ ہو گا ، قراقرم کی تعمیر کیلئے ورکنگ پر وزیراعظم کو بھی بریف کیا گیا ہے اور چین سے معاہدہ کیلئے پاکستان سے ہائی لیول وفد چین کا دورہ کر سکتا ہے ، فنانسنگ کیلئے چین سے سنگل ڈیجٹ شرح سود پر قرض حاصل کیا جائے گا لیکن ابھی اس کی سطح کو فائنل نہیں کیا گیا ۔پاکستان چین سے سی پیک فیز ٹو میں ایگری سروسز، آئی ٹی کیلئے مختلف پراجیکٹ سمیت 4 معاہدوں پر مزید دستخط جلد کرے گا جس کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔چین کیساتھ مختلف اہم معاہدوں پر دستخط آئندہ ماہ متوقع ہیں جس میں نظرثانی شدہ ایم ایل ون بھی شامل ہے ۔ ایم ایل ون کیلئے فیز ون اور فیز ٹو الگ الگ معاہدے ہوں گے ، فیز ون کے تحت 3.2 ارب ڈالر کا نیا معاہدہ بھی آئندہ ماہ طے پائے جانے کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں