خیبرپختونخوا:فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشنز،4دہشتگرد ہلاک ،3زخمی

خیبرپختونخوا:فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشنز،4دہشتگرد ہلاک ،3زخمی

راولپنڈی (دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 24 اور 27 اکتوبر کو 2 مختلف آپریشنز میں 4 خوارج مارے گئے ۔

 سکیورٹی فورسز نے خوارج  کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان اور ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد انصاف اللہ سمیت 2 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع خیبر آپریشن کے دوران 2 خوارج ہلاک اور 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسزکے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ، مارے گئے خوارج معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خوارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ صدر آصف زرداری نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔صدر نے خوراج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور فتن الخوراج کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دھشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ، پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں