گورنر ،وزیراعلیٰ پختونخوا ملاقات،صوبائی حقوق کیلئے وفاق سے ملکر بات کرنے پر اتفاق

گورنر ،وزیراعلیٰ پختونخوا ملاقات،صوبائی حقوق کیلئے وفاق سے ملکر بات کرنے پر اتفاق

پشاور(نیوز ایجنسیاں )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلٰی علی امین خان گنڈاپور کے درمیان گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات ہوئی جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور صوبہ کے متعدد دیگر مسائل و حقوق کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 گورنر اور وزیر اعلٰی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبہ کی معاشی ترقی کے لیے قیام امن ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ وفاق سے قیام امن کے حوالہ سے مسائل کے حل اور سکیورٹی کے لیے دستیاب وسائل کے حصول کے لیے دونوں متحد ہوکر کوشش کریں گے ۔ ملاقات میں صوبہ میں سیاحت کے فروغ اور عوامی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کو وفاق سے متعلق جتنے بھی مسائل ہیں انکے حل کے لیے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کرونگا اور صوبہ کے وکیل کا کردار ادا کرونگا ۔قبل ازیں صوبائی کابینہ میں شامل نئے وزیر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لینے وزیر اعلیٰ گورنر ہائوس پہنچے تو گورنر خیبرپختونخوا نے انکا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملاقات معمول کی تھی ، خوش ہونے والی کوئی بات نہیں ،صوابی جلسے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے قرارداد منظور ی کے بعد آخری احتجاج کریں گے اور آزادی کے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے ’ قرارداد کے بعد کارکنوں کو بتایا جائے گا کہ کیا کرنا ہے۔

پھر جب بانی پی ٹی آئی کال دیں گے تو وہ آخری کال ہوگی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس قرارداد میں بتایا جائے گا کہ جوکچھ ہمارے ساتھ ہوا ، ہمارے لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے ، ہمارے لوگ غائب ہو رہے ہیں، یہ فسطائیت ڈھائی سال سے جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بطور سیاسی جماعت ایک پرامن تحریک چلا رہے ہیں لیکن ہمیں اس کی اجازت نہیں دی جا رہی ، اب ہماری یہ فائنل کال ہوگی، ایک قرارداد منظور کی جائے گی جو بحیثیت صوبہ مشترکہ طور پر پیش کی جائے گی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس قرارداد کے بعد کارکنوں کو بتایا جائے گا کہ کیا کرنا ہے ، یہ ہمارے خلاف ظلم ہوا، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، جب تک بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہوتے تب تک ہم میں سے کوئی واپس نہیں آئے گا،جلسے میں پورے پاکستان سے لوگ آئیں گے ، اس دفعہ ہم باہر نکلیں گے تو وہی بندہ آئے جو گھروں میں بتا کر آئے ، گھروالوں کو یہ نہیں پوچھنا ہوگا کہ گھر واپس کب آؤگے کیونکہ واپسی کوئی نہیں ، آزادی کے بغیر واپسی نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ نے بے نامی اثاثوں کی نشاندہی کرنے والوں کو 40فیصد رقم دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سکیم سے پٹواری زیادہ فائدہ اٹھائیں گے کیونکہ انہیں بے نامی زمینوں کا زیادہ پتا ہوتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں