سموگ کازور برقرار،حد نگاہ کم،پروازیں منسوخ،آج بارش کا امکان

سموگ کازور برقرار،حد نگاہ کم،پروازیں منسوخ،آج بارش کا امکان

لاہور(بلال چودھری ،دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)پنجاب میں سموگ کا زور برقرار، اکثرعلاقوں میں حدنگاہ کم ہونے پر لوگوں کو آمدروفت میں مشکلات ،متعددپروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ آج بارش کاامکان ظاہر کیاگیاہے ۔

دنیا نیوز کے مطابق لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے گزشتہ روز دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 753 رہی۔ڈی ایچ اے فیز 8 کا ایئر کوالٹی انڈیکس  1391، امریکی قونصلیٹ کا 860 ، مال روڈ کا 806 ،عسکری 10 کا 725 ریکارڈ کیا گیا ۔ملتان کا اے کیو آئی 527 ،جنوبی پنجاب میں روجھان کا 812 ، سیالکوٹ 620 ،اسلام آباد 226 اور راولپنڈی کا 248 ہوگیا۔سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کے خاتمے کے لیے پورے ملک میں ہر فردکو جدوجہد کرنا ہوگی، ماسک سمیت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ سموگ چھانے پر لاہور اور ملتان میں حد نگاہ کم ہونے پر متعدد پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کو موڑ دیا گیا ۔

پی آئی اے کی مسقط سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 172کو اسلام آباد ، ائیرسیال کی مسقط سے لاہور آنے والی پرواز کو سیالکوٹ بھیجنا پڑا ، ایئر بلیوکی دبئی سے لاہور پرواز کا رخ اسلام آباد موڑا گیا ۔ قومی ایئر لائن کی ملتان سے ریاض پرواز پی کے 765کینسل کر دی گئی ،نجی ایئر لائنز کی جدہ سے ملتان دو پروازوں کو لاہور بھیج دیا گیا ۔ ملتان کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سموگ اور انتظامی مسائل سے ملک بھر کی 34 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ملتان کراچی کی 2 ملکی پروازیں، غیر ملکی ائیر لائن کی جدہ ملتان کی 2 پروازیں اور ملتان ریاض کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ دوحہ ملتان کی دو غیر ملکی پروازیں کیو آر 616، 617 جدہ ملتان اور دبئی کی 2 پروازیں پی اے 871 ایف زیڈ 325، 326 تاخیر کا شکار ہوئیں، مسقط، کراچی، دوحہ سے لاہور کی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔

لاہور سے کوالالمپور، دبئی استنبول، جدہ کراچی، مدینہ اور العین سے اسلام آباد پروازوں کی آمد روانگی میں تاخیر ہوئی، جدہ اسلام آباد سے جدہ ریاض استنبول بحرین کی پروازوں میں تاخیر ہوئی جبکہ شارجہ اور استنبول سے کراچی کی پروازوں میں تاخیر ہوئی اور کراچی سے لاہور کے لیے پی آئی اے کی پرواز شیڈول سے 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو سکی۔شدید دھند اور سموگ پرموٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کردی گئی۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی بند کردیا گیا جبکہ موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان اور ایم 5 ملتان سے سکھر اورموٹروے ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے ۔موٹروے پولیس کاکہناہے کہ زیادہ سے زیادہ دن کاسفر کرنے کو ترجیح دیں اوردھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں لاہور، گجرات، منڈی بہائوالدین،سیالکوٹ،گوجرانوالہ میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، شیخوپورہ،ساہیوال ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد،خانیوال، خانپور، جھنگ ، بہاولپور،لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں رات کود ھند جبکہ چند مقامات پر شدید د ھند پڑنے کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز پنجاب کے زیادہ تر علا قے سموگ اورد ھند کی لپیٹ میں رہے ۔

لاہور میں سموگ کا راج برقرار رہنے پر ہسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں کا اضافہ جاری ہے ،بچوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور خشک کھانسی ،آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض میں بھی اضافہ ہونے لگا ۔عارضہ قلب اور دمہ کے مریض بھی شدید متاثر ہونے لگے ،ایک ہفتے میں شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی، انفلوئنزا، اور وائرل انفیکشن پھیلنے پر گھروں سے غیر ضروری باہر نہ جائیں، پھیپھڑوں اور دمہ کی مریضوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں ۔ حکومت کی طرف سے راولپنڈی میں سموگ کے اثرات کم کرنے کیلئے مصنوعی بارش برسانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر ذوالفقار ،علیم بٹ ودیگرماہرین ماحولیات کاکہناہے کہ مصنوعی بارش سے بھی سموگ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، چین اور انڈیا کی طرز پر مسٹ کینن استعمال کرنا ہونگے ۔ علیم بٹ نے کہاسموگ کے اثرات کو فوری کم کرنے کے لئے ہمیں انڈیا اور چین کی طرز پر مسٹ (دھند) کینن استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں