حکمران جماعت جلسے کر سکتی ہے درخواست گزار کیوں نہیں،ہائیکورٹ
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت نہ دینے سے متعلق درخواست پر سکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹ درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت نہ دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی شرقی عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ حکمران جماعت اور اتحادی جلسے کر سکتے ہیں تو درخواست گزار کیوں نہیں۔ کون سے سکیورٹی خدشات ہیں۔ ڈی سی ایسٹ نے کہا کہ ہم نے ان سکیورٹی خدشات سے متعلق درخواست گزار کو آگاہ کر دیا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل علی طاہر نے موقف دیا کہ ہمیں کسی تھریٹ سے متعلق نہیں بتایا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میٹنگ کے منٹس دکھائیں جہاں آپ نے سکیورٹی خدشات سے درخواست گزار کو آگاہ کیا ہو۔ حکام میٹنگ منٹس عدالت میں پیش نہ کر سکے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالتی حکم کے باوجود تحریک انصاف کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ و دیگر حکام کو ایک بار پھر آخری مہلت دے دی۔ عدالت نے سکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹ درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ انٹیلی جنس رپورٹ پی ٹی آئی کے درخواست گزار اور عدالت میں پیش کی جائے ۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔