ایم ڈی کیٹ کوشفاف بنانے کیلئے کمیٹی کا پہلا اجلاس، تجاویز کا جائزہ

ایم ڈی کیٹ کوشفاف بنانے کیلئے  کمیٹی کا پہلا اجلاس، تجاویز کا جائزہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کی جانب سے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ ) کو بہتر اور زیادہ شفاف بنانے کے لیے تشکیل کردہ سات رکنی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

 چیئرمین کمیٹی نے تمام ذیلی کمیٹیوں کو اگلے اجلاس تک اپنی ڈرافٹ رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت دی۔ اگلے اجلاس میں ان کے مسودے کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی تمام صوبوں کے اراکین پر مشتمل ہے اور اس کا مقصدایم ڈی کیٹ امتحان کے چیلنجز کا جائزہ لے کر انہیں حل کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا، غلطیوں کو کم کرنا اور آئی ٹی پر مبنی حل متعارف کرانا ہے ۔ اس میں مرکزی یا یونیورسٹی مخصوص امتحان کے انعقاد، یکساں نصاب کے قیام اور ایم ڈی کیٹ کو انٹرمیڈیٹ امتحانات کے فوراً بعد کرانے جیسے امور شامل ہیں تاکہ ٹیوشن مافیا کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ایم ڈی کیٹ اصلاحاتی کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سہیل امین نے ایم ڈی کیٹ 2024 کے حالیہ معاملات اور اس کے قانونی پہلوؤں پر ایک مختصر اپ ڈیٹ فراہم کی۔ کمیٹی چیئرمین نے یکساں نصاب کے نفاذ اور امتحان کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ایک ہائی ٹیک امتحان کے نظام کو قائم کرنا جو کم سے کم غلطیوں اور زیادہ شفافیت کے ساتھ ہو، ایک بڑا چیلنج ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں امتحان کی سطح کو یکساں رکھنا ایک اہم رکاوٹ ہے جس کے لیے کمیٹی کو بہترین کوششیں کرنی ہوں گی۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ امتحانات کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ اگرچہ نئے شعبوں کو امتحان میں شامل کرنے پر سٹیک ہولڈرز کی جانب سے مزاحمت ہو سکتی ہے ، مگر انہوں نے کہا کہ ذہنی سطح کی جانچ میں اضافہ ایک عملی قدم ہو سکتا ہے ۔ای بی سی سی کے چیئرمین نے "ایگزامی نیشن بائبل" کی تکمیل کا اعلان کیا جو کہ 9 سے 12 جماعتوں کے لیے امتحان کے طریقہ کار اور سوالات کے بینک کی ترقی سے متعلق ایک جامع رہنمائی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں