اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے فوری انتظامات کی ہدایت
اسلام آباد (وقائع نگار)الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حلقہ بندیوں کیلئے بلا تاخیر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ۔
الیکشن کمیشن کاچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا ،جس میں شرکا نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا،ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے چار مرتبہ حلقہ بندیاں کر چکا اور جب بھی انتخابات کیلئے تیاری مکمل ہوتی ہے قوانین میں ترامیم کردی جاتی ہیں،اب الیکشن کمیشن نے ترمیم شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ متعلقہ حکام کو حکم دیاہے کہ فوری طور پر تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے حلقہ بندیوں کا شیڈول منظوری کیلئے الیکشن کمیشن کو پیش کیا جائے ۔