ظفر وال میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ ‘3 خواتین ‘بچہ قتل
ظفروال (نمائندہ دنیا)ظفروال کے نواحی گاؤں خوشحال گڑھ میں طلاق لینے کی رنجش پرملزم نے فائرنگ کر کے سابق بیوی ،ساس ،سالی اوربچے کو قتل کردیا۔
فائرنگ سے سابق سسرسمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ملزم نے خودکو بلیڈ مار کر خودکشی کرلی ۔تفصیلات کے مطابق گڈو نامی ملزم کی فائرنگ سے جاں بحق افراد میں اسکی سابق بیوی عالیہ، ساس ہاجراں بی بی ، سالی عاصمہ عابد اور سالی کا چھوٹابیٹا عبداللہ جبکہ زخمیوں میں صائمہ ،عبد الغنی اور اکرام شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد گڈو نے خود کو کمرے میں بند کر لیا ، اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑ کراسے گرفتار کر لیا اورلاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی دو سال قبل طلاق ہوئی تھی جس کا اسے رنج تھا جس پر اس نے فائرنگ کرکے پورے خاندان کو قتل کرنے کی کوشش کی اورخودکو بھی بلیڈ مار کرزخمی کرلیا ، پولیس کی حراست میں ملزم کو بھی نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیاجا رہا تھا کہ خون زیادہ بہنے پر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔