ایشیائی ترقیاتی بینک :پاکستان کیلئے 53کروڑ ڈالرقرض کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک :پاکستان کیلئے 53کروڑ ڈالرقرض کی منظوری

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 53 کروڑ ڈالرقرض کی منظوری دیدی ہے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے نئی ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک میں پیشگوئی کی ہے کہ رواں مالی سال کیلئے پاکستان کی شرح نمو 3 فیصد رہ سکتی ہے ، آئی ایم ایف توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے بعد مالیاتی استحکام آیا ہے ۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے ستمبر میں رواں مالی سال کی شرح نمو 2.8 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی تھی ۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران مہنگائی کی شرح 10 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ ستمبر میں اے ڈی بی نے مہنگائی کی شرح 15 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی تھی۔ اے ڈی بی نے ایشیائی ممالک کیلئے نئی ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک جاری کر دی ہے ، جس میں کہا گیا کہ گزشتہ مہینوں مون سون کی بارشیں زیادہ ہونے کے باعث فصلوں کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے ، پاکستان میں گندم اور کپاس کی فصلوں کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ ہے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے سماجی تحفظ و سروسز اور ڈسکوز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 53 کروڑ ڈالر کا قرض بھی منظور کر لیا ہے ، 33 کروڑ ڈالر قرض کی رقم ،غربت کے خاتمے کیلئے اور سماجی تحفظ کیلئے فراہم کی جائے گی، 20 کروڑ ڈالر قرض کی رقم بجلی کی تقسیم کے نظام میں جدت کیلئے استعمال ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق قرض کی رقم انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام کی مد میں فراہم کی جائے گی۔ قرض کی فراہمی ، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی ادارہ جاتی کپیسٹی کو بڑھایا جائے گا ، قرض کی رقم صحت ، سروسز، تعلیم اور غریب نوجوانوں کیلئے استعمال ہو سکے گی، آفات کے شکار علاقوں میں صحت و غذائیت کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔ انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام سے تعلیمی معیار اور ہیلتھ سروسز میں بہتری لائی گئی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے 20 کروڑ ڈالر قرض بجلی کی تقسیم کے نظام میں جدت کیلئے منظور کیا ہے ، تقسیم کار کمپنیوں کی پائیدار بجلی فراہم کرنے کی استعداد میں اضافہ ہوگا، ابتدائی مرحلے میں لیسکو، میپکو اور سیپکو کو تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں