ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ فراڈ، سابق سینیٹر وقار احمدگرفتار
لاہور(کورٹ رپورٹر)نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چھ ارب روپے کے مبینہ فراڈ کے ملزم سابق سینیٹر وقار احمد خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ نیب لاہور نے ملزم کو عبوری ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائی کورٹ سے گرفتار کیا ۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں سادہ لوح افراد سے پلاٹس کے نام پر 6ارب روپے کے فراڈ کے الزام میں ملزم وقار احمد خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔دورکنی بینچ نے دوسری مرتبہ ملزم کی عبوری درخواست ضمانت پر رجسٹرار آفس کے مصدقہ دستاویزات نہ لگانے کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی ۔ملزم گرفتاری کے ڈر سے 6گھنٹے عدالت میں چھپ کر بیٹھا رہا تاہم ملزم جب کمرہ عدالت سے باہر نکلا تو نیب نے گرفتار کرلیا ۔ملزم نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ فراڈ سے میرا کوئی تعلق نہیں، میں نے نیب کے سامنے خود سرنڈر کیا ۔ جبکہ متاثرین نے ملزم کے سامنے احتجاج کیا تو نیب حکام کا کہنا تھا کہ جس کے ساتھ فراڈ ہوا سب متاثرین کو اس کا حق ملے گا۔ نیب نے ملزم کو نیب آفس منتقل کردیا۔