ایسے نہیں چلے گا،پرویز الٰہی کے استثنیٰ کی درخواست پرعدالت برہم

ایسے نہیں چلے گا،پرویز الٰہی کے استثنیٰ کی درخواست پرعدالت برہم

لاہور (کورٹ رپورٹر)اینٹی کرپشن کورٹ نے پنجاب اسمبلی غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کو طلب کر لیا۔

 اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے سماعت کی،عدالت میں محمد خان بھٹی کو جیل حکام کی جانب سے پیش کیا گیا،عدالت نے تمام ملزموں کو حاضری مکمل کرنے کی ہدایت کی،عدالت نے پرویز الٰہی کے استثنیٰ کی درخواست پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر بھی پرویز الٰہی پیش نہیں ہوئے ایسے نہیں چلے گا،ہم کل کے لیے کیس رکھ لیتے ہیں انہیں پیش کر دیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی پیش ہوجائینگے ،اس طرح تو فرد جرم میں تاخیر ہو رہی ہے ،پرویز الٰہی کے وکیل نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو ڈاکٹر نے 7 دن کے لیے بیڈ ریسٹ کا کہا ہے ،انہوں نے مقدمے میں ایسے ہی لوگوں کو نامزد کر دیا جن کا کوئی تعلق نہیں ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جب تک کیس کا کوئی فیصلہ نہیں ہوتا، میری نظر میں تو سب بے گناہ ہیں،پرویز الٰہی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اگر آپ یقین دہانی کروا دیتے ہیں کہ پرویز الٰہی کو پیش کرینگے تو تین دن دے دیتا ہوں یا پھر میں حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ کر دیتا ہوں،آگے چھٹیاں ہورہی ہیں لمبی ڈیٹ نہیں ملے گی،عدالت نے ملزموں کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ جب فرد جرم لگے گی اسکے بعد ہم آپکو سنیں گے ،عدالت نے کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں