میڈیا پر بٹھائے مداری کہہ رہے ہیں گولی نہیں چلی:گنڈاپور
پشاور، ایبٹ آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،خصوصی نمائندہ )وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہمارے 12شہید اور 100 سے زائد زخمی ہیں اور میڈیا پر بیٹھائے گئے مداری کہہ رہے گولی نہیں چلی ۔پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں پر ریاست نے گولیاں برسائیں اور شہید کیا۔
انہیں خراج تحسین پیش کریں گے ، اس اجتماع میں زخمیوں کے لئے دعا بھی کریں گے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ڈی چوک میں جاں بحق افراد کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، جب تک حقیقی آزادی حاصل نہیں کرتے اس وقت تک ہماری تحریک جاری رہے گی، حکومت کو پیغام دیتا ہوں کہ ہمارے بہت سے لوگ لاپتا ہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے لاپتا افراد میں بہت سے لوگوں کو شہید کیا گیا ہے اس حوالے سے ہمارے تحفظات اور خدشات دور کیے جائیں۔علی امین نے کہا کہ حکومت روزانہ ڈرامہ بازی کررہی ہے ، میڈیا بھی دباؤ کی وجہ سے اس معاملے کو کوریج نہیں دے رہا، میں واضح پیغام دے رہا ہوں گولی کیوں چلائی اس کا جواب حکومت کو دینا پڑے گا، اس سے پہلے بھی پاکستان میں نہتے لوگوں کو قتل کیا گیا، گولی کس نے چلائی اور کس کے حکم پر چلائی ہر ایک بندہ جواب دہ ہے ۔وزیراعلی ٰنے کہا کہ ہم اس کا جواب بھی مانگیں گے اور آپ کو جواب دینا پڑے گا ۔علی امین نے کہا کہ فوج ہماری ہے اور فوج کو یہاں رہنا ہے فوج کو عوام کی حفاظت کرنی ہے ، ہمیں بھی عوام میں رہنا ہے اور فوج میں جو لوگ بھرتی ہو تے ہیں وہ بھی ہم میں سے ہیں، یہ مطلب پرست سیاست دان یہ اس وقت کو فوج اور عوام کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہی ہے اور ہمیں ان کی سازش کامیاب ہونے نہیں دینی ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورنے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کو فون کیا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نائب امیرجماعت اسلامی کو پشاور میں ملاقات کی دعوت دی۔ دونوں رہنماں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے کمشنر ہزارہ کے آفس میں مشترکہ اجلاس کی صدارت کی ،چار گھنٹے طویل اجلاس میں ہزارہ ڈویژن کے انتظامی معاملات اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔