پی ٹی آئی کی مذاکرات کیلئے شرائط سمجھ سے بالاتر:رانا تنویر

پی ٹی آئی کی مذاکرات کیلئے شرائط سمجھ سے بالاتر:رانا تنویر

شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، دنیانیوز)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے جو شرائط رکھی ہیں وہ سمجھ سے بالاتر ہیں۔

 ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلع کونسل شیخوپورہ میں گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کسانوں کو ٹریکٹرز کی چابیاں دینے ،شیخوپورہ میں واٹر فلٹریشن سکیم کے افتتاح، گورنمنٹ کالج میں طلبہ کو تقسیم انعامات اور ضلعی رہنما(ن )لیگ شہباز چھینہ کے کزن کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی شرائط پر عمل کرنا ممکن نہیں، اسکی سول نافرمانی تحریک پر عوام ساتھ نہیں دینگے ۔ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ہی سب کچھ ہوتا ہے تو وہی قصوروار ہیں، رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے حوالے سے عدالتیں آزاد ہیں امید ہے قانون کے مطابق فیصلہ دیں گی۔ ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت بذریعہ قرعہ اندازی کامیاب 295 کسانوں میں گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ،مہمان خصوصی وفاقی وزیر رانا تنویر نے 22 خوش نصیب کسانوں کوچابیاں تقسیم کیں ۔ تقریبات میں ممبران صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول ، رانا طاہر اقبال، ٹکٹ ہولڈر عرفان ڈوگر ، ضلعی صدر (ن)لیگ خواتین ونگ بینش قمر ڈار ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عظمیٰ ادریس،پرنسپل عشرت ناہیدرانا ،ضلعی افسروں نے شرکت کی ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہاپنجاب حکومت کسانوں کی بہبود کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے ، وزیر اعلٰی ٰمریم نواز نے تاریخی کسان پیکیج متعارف کروایا ہے ، گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے گرین ٹریکٹرز فراہم کرنے پر وزیر اعلی ٰمریم نواز کاشکریہ ادا کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں