فیکٹری بوائلر دھماکہ، مرنے والوں کی تعداد7ہوگئی
کالا شاہ کاکو(نامہ نگار) نواحی علاقہ ڈالہ واہگہ میں فیکٹری بوائلر دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7تک پہنچ گئی، تمام افراد کا تعلق بستی لیبر کالونی سے تھا، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے غفلت کو مظاہرہ کرنے پر ضلع کونسل اور محکمہ ماحولیات کے 2 افسروں کو معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔
بتایا گیا ہے کہ 5 روز قبل پرانے ٹائر جلا کر تیل نکالنے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے سجاد نامی نوجوان موقع پر چل بسا، جبکہ8افراد جھلس گئے تھے ، ریسکیو1122کی ٹیموں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال مریدکے منتقل کیا جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر تمام زخمیوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا، ہسپتال سے روزانہ ایک سے دو افراد کی موت کی خبر آنے کا سلسلہ جا ری رہا، پہلے روز سجاد، دوسرے روز شاہد بٹ، تیسرے روز اسد شاہ، ارشد بھلر اور عبد الرزاق، جبکہ پانچویں روز علی حسن اور تجمل شاہ کی لاشیں ورثا کو موصول ہو ئیں، پولیس نے نائب تحصیلدار کی مدعیت میں فیکٹری مالک ماجد شیخ، ضلع کونسل کے انفورسمنٹ انسپکٹر اصغر علی اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کے انسپکٹر حامد علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم ابھی تک ایک بھی ملزم کو گرفتار نہ کیا جا سکا۔