انسانی مداخلت ختم کر کے ٹیکس نظام کو بہتر بنانا چاہتے ،وزیر خزانہ
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ٹیکس نظام کو موثر، شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس کے نظام کو مزید بہتر بناناچاہتی ہے تاکہ انسانی مداخلت کو ختم کیا جائے ،بدعنوانی کاخاتمہ ہو اور شفافیت کویقینی بنایاجاسکے ۔
مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ،ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور مینوفیکچرنگ و تنخواہ دار طبقے پر عائد بوجھ کو متوازن بنانے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے یہ بات نجی کمپنی کے سی ای او کریم یاہی سے ملاقات میں کہی ۔ وزیر خزانہ نے جدت، ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے کے ضمن میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کااعادہ کیا۔ملاقات میں ٹیکسیشن پالیسیز اور ان کے مشروبات کے شعبے پر اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت منصفانہ ٹیکس پالیسیز کو فروغ دے رہی ہے ۔