جی ایچ کیو حملہ:فرد جرم کیخلاف عمران خان سمیت13رہنماؤں کی درخواستیں خارج

جی ایچ کیو حملہ:فرد جرم کیخلاف عمران خان سمیت13رہنماؤں کی درخواستیں خارج

راولپنڈی ، اسلام آباد ( خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے )نومئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود اور وزیر اعلیٰ کے پی سمیت 13 رہنماؤں کی درخواستیں مسترد کردیں۔

فرد جرم عائد ہونے کے خلاف  عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے درخواستیں دائر کیں جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔عدالت نے فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید احمد کی درخواست بھی مسترد کردی اور کہا کہ فرد جرم عائد کرنے کے بادی النظر میں شواہد موجود ہیں جبکہ 9 مئی مقدمے کے 5 ملزموں محمد جاوید ،محمد احمد چٹھہ،رائے حسن نواز ، عمر نوید ستی کی بیرون ملک جانے کی اجازت کی درخواست خارج کی گئی۔عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس سماعت کی عدالتی کارروائی ریکارڈ کرنے اور اس کی فوٹیج فراہمی درخواستوں کی سماعت آج ہفتہ تک ملتوی کردی ۔ سماعت اڈیالہ جیل میں ہو گی ۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی،شاہ محمود قریشی،شبلی فراز،واثق قیوم و دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ حملہ کیس میں جیل رپورٹ نہ آنے پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔گزشتہ روزچار مقدمات کی سماعت کے دوران شبلی فراز،واثق قیوم عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے جیل رپورٹ ابھی تک پیش نہیں کی جا سکی،عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں