کرپشن کیس:پرویز الٰہی پر 7جنوری کو فرد جرم عائد ہوگی

 کرپشن کیس:پرویز الٰہی پر 7جنوری کو فرد جرم عائد ہوگی

لاہور (عدالتی رپورٹر ، دنیا نیوز)احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر فرد جرم کیلئے 7 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پی ٹی آئی رہنما پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف ترقیاتی  منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور کک بیکس وصولی کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے کیس کی سماعت کی، پرویزالٰہی پھر عدالت پیش نہ ہوئے ۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی کیوں پیش نہیں ہوئے ؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ پرویز الٰہی باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے ، انکی کمر اور ٹخنے پر چوٹ آئی ہے ۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ فرد جرم سے بچنے کے لئے ہر تاریخ پر میڈیکل پیش کر دیتے ہیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا جو ملزم موجود ہیں ان پر فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے ؟ پرویز الٰہی پر پھر کسی دن فرد جرم عائد کر دیں گے ۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں پر الگ الگ فردجرم عائد ہو سکتی ہے جس پر شریک ملزم محمد خان بھٹی کے وکیل نے پراسیکیوشن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں پر الگ الگ فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی مرکزی ملزم ہیں انکی عدم موجودگی میں دیگر پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی، پرویز الٰہی کا پلیڈر مقرر کر دیں تو اس پر چارج فریم ہو سکتا ہے ، مہلت دیں آج کارروائی ملتوی کریں۔بعدازاں عدالت نے شریک ملزم محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کردی جبکہ چودھری پرویز الٰہی پر فرد جرم کیلئے 7 جنوری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں