کرم امن معاہدہ ، عمائدین دستخط کرنے پر راضی، آج پھر جرگہ

کرم امن معاہدہ ، عمائدین دستخط کرنے پر راضی، آج پھر جرگہ

ڈی آئی خان(نیوز ایجنسیاں)کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے، عمائدین کو مسودے پر دستخط کرنے پر راضی کرلیا گیا۔ حکومتی اراکین اور عمائدین کا ضلع کرم کے معاملے پر امن جرگہ آج منگل کو پھر ہو گا، جس میں امید ہے کہ مسئلے کا حل نکل آئے گا۔

جرگہ تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکا ۔ ایک فریق کے عمائدین نے امن معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے ۔ پشاور تا پاراچنار مرکزی شاہراہ اڑھائی ماہ سے زائد عرصہ سے بند ہے ۔ پاراچنار سمیت اپر کرم کے کئی دیہات کے لوگوں کو خوراک اور ادویات لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جب کہ مرکزی سڑک کی بندش کے خلاف پاراچنار پریس کلب سمیت شہر کے 5دیگر مقامات پر متاثرین کا دھرنا جاری ہے ۔منتخب نمائندوں اور پاراچنار ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق ادویات کی قلت اور علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان کے باعث بچوں سمیت مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم میں معاہدہ ہونے تک راستے نہیں کھولیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ 130 سال پرانا مسئلہ ہے ، وہاں کے عمائدین کے ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا مستقل حل چاہتے ہیں، اسلحہ کی حوالگی کی شرط کی وجہ سے وقت لگا، پہلے دونوں فریق اسلحہ جمع اور بنکرز ختم کریں گے تاکہ پھر فائرنگ کا واقعہ نہ ہو۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں