کراچی میں دھرنے ، نظام زندگی مفلوج پولیس چوکی،کئی گاڑیاں نذرآتش

کراچی میں دھرنے ، نظام زندگی مفلوج   پولیس چوکی،کئی گاڑیاں نذرآتش

کراچی (مانیٹرنگ ڈٖیسک) شہرقائد میں جگہ جگہ دھرنوں نے نظام زندگی مفلوج کردیا، سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، کراچی میں 18سے زائداہم مقامات پر سڑکیں بند تھیں۔

جس سے پیدل اور گاڑیوں میں سوار لاکھوں شہری خوار ہوتے رہے ،گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے دن کے وقت پولیس حرکت میں آئی اور کارروائی کرتے ہوئے کئی مقامات پر دھرنے ختم کرائے ،تاہم شام کے وقت دھرنوں کے نئے سلسلے نے نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیا،نامعلوم افراد نے مختلف علاقوں میں کاروباربندکرادیا، نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے کے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کیا ،۔ پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی، مشتعل مظاہرین نے نمائش پر پولیس چوکی جلاڈالی، ایک گاڑی کو آگ لگادی جبکہ پولیس کی 6 موٹرسائیکلیں بھی نذر آتش کردیں،پتھراؤ کرکے پولیس اہل کاروں کو زخمی کردیا ،ایک پولیس موبائل کے شیشے بھی توڑ ڈالے ۔پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور مذہبی جماعت کا کیمپ اکھاڑ دیا۔ شیلنگ بھی کی گئی ،عباس ٹاؤن میں دھرنا بھی پولیس نے ختم کرادیا، اس دوران مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ پولیس نے دھرنے کا ٹینٹ اکھاڑ دیا۔نمائش چورنگی پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اب پورے سندھ میں دھرنوں کی کال دے رہا ہوں،جب تک پاراچنار کا دھرنا جاری رہے گا، ہم بھی بیٹھے رہیں گے اور ہماری نرم آواز کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں