ڈی آئی خان: دہشتگردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، اہلکار سمیت 2شہید
ڈیرہ اسماعیل خان،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں اہلکار سمیت دوافراد شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے درابن چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ، حملے میں پولیس اہلکار عصمت اللہ اور ایک شہری عبداللہ شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکارزخمی ہوگیا۔ جوابی فائرنگ سے ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگئے ۔ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ شہید اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے درابن چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوان نے جان دیکر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، کے پی پولیس دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے ۔ وزیرداخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے درابن چیک پوسٹ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار سمیت دو افراد کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہارکیا اور کہا حملہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے درابن میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملوث عناصر کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد کی شہادت پرلواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔