جنوبی کوریا:آرمی چیف پر بغاوت کے الزامات میں فرد جرم عائد

جنوبی کوریا:آرمی چیف پر بغاوت  کے الزامات میں فرد جرم عائد

سیول(اے ایف پی)جنوبی کوریا کے آرمی چیف پارک آن سو اور لیفٹیننٹ جنرل کواک جونگ کیون پر بغاوت اور طاقت کے غلط استعمال کے الزامات کے تحت حراست میں فرد جرم عائد کی گئی ہے ۔

مقامی میڈیا کے مطابق آرمی چیف کو استغاثہ نے تحقیقات کے دوران گرفتار کیا تھا۔جنرل پارک آن سو پر ناکام مارشل لا میں اہم کردار ادا کرنے اور طاقت کے غلط استعمال کے الزامات ہیں ۔دوسری جانب جنوبی کوریا کی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد تفتیشی اہلکار جب دارالحکومت سیول میں صدارتی محل پہنچے تو انہیں معطل صدر یون سک یول کی سکیورٹی پر مامور ٹیم نے روک لیا۔ ممبر قانون ساز اسمبلی جو سیونگ لی کا کہنا ہے کہ سرکاری اہلکاروں کو اس جرم کا حصے دار نہیں بننا چاہیے ۔یون کے وکیل کام کیون نے کہا کہ آئینی عدالت کے وارنٹ پر حکم امتناعی کی درخواست دائر کر دی ۔ اپوزیشن نے صدر کی گرفتاری میں مزاحمت کرنے پر پی ایس ایس کے سربراہ کیخلاف شکایات درج کرا دیں ،اپوزیشن نے ان پر انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا ہے ۔واضح رہے جنوبی کوریا کے صدر نے گزشتہ ماہ ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا تھا مگر اسی روز پارلیمنٹ کی جانب سے مارشل لا کے خلاف ووٹ دئیے جانے پر انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں