پختونخوا اسمبلی :فوجی عدالتوں کے فیصلے واپس لینے کی قرارداد منظور
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا اسمبلی میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔
رپورٹ کے مطابق مشترکہ قرارداد پی ٹی آئی کے عبدالسلام آفریدی نے پیش کی، قرارداد پر مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے جلال خان نے بھی دستخط کیے ۔قرارداد کے متن کے مطابق آئین و قانون کے مطابق ملک کے ہر شہری کے لیے شفاف ٹرائل کا حق ہے ، فوجی عدالتوں سے سزائیں سنانا انصاف کا قتل ہے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ فوجی عدالتوں کے غیر آئینی، جانبدارانہ فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں، فوجی عدالتوں کے فیصلوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی ہوئی ہے ، وفاق سے سفارش کی جائے کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔