عادل بازئی کی رکنیت بحال آزاد امیدوار قرار :الیکشن کمیشن
اسلام آباد(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ عادل بازئی کو آزاد امیدوار تصور کیا جائے ۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کی رکنیت بحال کردی جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ ای سی پی کے مطابق عادل بازئی کو مسلم لیگ (ن) کی بجائے آزاد امیدوار تصور کیا جائے ۔ یاد رہے عادل بازئی کے خلاف بجٹ اور 26 ویں آئینی ترمیم میں پارٹی پالیسی سے انحراف کا الزام تھا۔ عادل بازئی کو مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی جانب سے دائر ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے این اے 262 کوئٹہ کی نشست پر بحال کردیا تھا۔ 9 دسمبر کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 21 نومبر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن ) کے منحرف رکن عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی تھی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عادل خان بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ این اے 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ آنے تک معطل کیا گیا ہے ۔