مریم نواز کا نوجوانوں کو نئے بزنس کیلئے 3 کڑور روپے تک بلا سود قرضہ دینے کا اعلان

مریم نواز کا نوجوانوں کو نئے بزنس کیلئے 3  کڑور روپے تک بلا سود قرضہ دینے کا اعلان

ملتان (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ سکالر شپ طلبہ کاحق ہے ، نوجوان ہی ملک کو ترقی دے سکتے ہیں،نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب کے دوران انہوں نے ہونہار سکالر شپ پروگرام کو 100 ارب تک بڑھانے کا اعلان کیا،انہوں نے اگلے سال سے مزید 20 ہزار ہونہار سکالر شپ بڑھانے ،نوجوانوں کیلئے نئے بزنس اور سٹارٹ اپس کیلئے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ ای بائیکس دینے ،پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں ای بائیکس چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ مریم نوازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ لیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔ چین میں کمسن بچوں کو آر ٹی فیشل انٹیلی جنس سیکھتے دیکھ کر حیرت ہوئی، ہم اپنے بچوں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس، روبوٹک اور دیگر جدید آئی ٹی کے علوم سکھائیں گے ۔ بچوں کو لون دینگے تاکہ پڑھ لکھ کر والدین پر بوجھ نہ بنیں، کاروبار کریں۔

ٹرانسپورٹ کلچر کو ای وہیکل کی طرف منتقل کر رہے ہیں تاکہ پنجاب کے لوگ صاف ستھری فضا میں سانس لے سکیں، اگر کوئی قابل بچہ تعلیم سے محروم رہ گیا تو اسے اپنی ناکامی سمجھوں گی،ایڈمیشن لینا بچوں کا کام اور فیس ادا کرنا میری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت جلد بچوں کیلئے لیپ ٹاپ بھی لا رہی ہوں جس کیلئے لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ آ چکی ہے، نوجوانوں کو ان کی خواہش کے مطابق انٹر نیشنل سکالر شپ دیں گے ۔ بچوں کو کہتی ہوں کہ سکون سے پڑھو فیس میری ذمہ داری ہے ۔ سکالر شپ 100 فیصد میرٹ پر دئیے ، کسی سے نہیں پوچھا کہ اسکا کس جماعت سے تعلق ہے ،ماں کے لئے سارے بچے برابر ہوتے ہیں ۔ میں ہونہار سکالر شپ کا پیسہ گھر سے نہیں لائی، پیسے پہلے بھی تھے تو بچوں کو کیوں نہیں دئیے ،بچے فخر سے سر اٹھا کر سکالر شپ لیں، یہ انکا حق ہے ۔ بطور ماں جانتی ہوں کہ سکالرشپ ملنے پر والدین کتنے خوش ہوتے ہیں۔ نوجوان ملک کے خلاف نہ لڑنے کا عہد کریں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آگ لگانے ، گولی چلوانے ، پولیس پر تشدد کرانے والے نوجوانوں کے دوست نہیں ہو سکتے ۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ سیاسی نہیں ماں بن کر بچوں سے بات کر رہی ہوں، جو آپ کوکہے آگ لگادو، بسیں جلادو، بم پھینک دو،گولیاں چلادو، اس بہکاوے میں کبھی نہ آنا،کسی کا ایندھن نہ بننا، اگر یہ بات اچھی ہوتی تو کسی کے بچے معافی مانگ کر باہر نہ آتے ۔ پاکستان کا مستقبل اور جھنڈا نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ،جمہوریت میں اختلافی موقف رکھنا بری بات نہیں پر اخلاقیات کا دامن مت چھوڑیں۔ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت نہ کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔ اخلاقی روئیوں سے معاشرے پہچانے جاتے ہیں۔ طلبہ کو دیکھ کر یقین ہے اس ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا، میں طلبہ کی محنت اور میرٹ کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ محمد نواز شریف صاحب نے بھی طلبہ کو مبارک باد کا پیغام بھیجا، دعا ہے وطن عزیز دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے ۔مریم نوازنے تقریب کے دوران سٹوڈنٹ کی طرف سے تحفے میں ملنے والی اجرک اپنی چادر اتار کر اوڑھ لی،طلبہ کیساتھ سیلفیاں بنوائیں ،انہوں نے ہونہار سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ میں چیک تقسیم کئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں