فیصل آباد : حملہ آوروں نے تھانے میں گھس کر 3 زیر حراست بھائیوں کو قتل کردیا
تاندلیانوالہ،فیصل آباد(نمائندہ دنیا ،سٹی رپورٹر)نامعلوم مسلح افراد کا تھانہ صدر پر حملہ، حوالات میں بند 3 حقیقی بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
تھانہ سٹی تاندلیانوالہ نے کچھ عرصہ قبل 3 افراد کے قتل کے الزام میں تین بھائیوں بلال، عثمان اور ناصر کوگرفتار کیا اورپھران کی حفاظت کی خاطر انہیں تھانہ صدر کی حوالات میں بندکر دیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علی الصبح چار سے پانچ مسلح افراد تھانہ صدرتاندلیانوالہ کی بلڈنگ کے ساتھ سیڑھیاں لگا کر تھانہ میں داخل ہوگئے اور وہاں موجود تمام کمروں کو باہر سے کنڈیاں لگا دیں ، اس کے بعدحملہ آوروں نے حوالات جا کر وہاں بندتہرے قتل کے 3 ملزم حقیقی بھائیوں بلال، عثمان اور ناصر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے تینوں بھائی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ان کا کزن آصف شدید زخمی ہو گیا، حملہ آور شدید فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ،واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،زخمی شخص کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے مقتولین کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا ۔دریں اثنا لواحقین نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے پولیس کی مدعیت کی بجائے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری طرف وقوعہ کے بعد سی سی پی او کامران عادل اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کیلئے ہائی پروفائل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ،ڈی آئی جی انٹیلی جنس سپیشل برانچ فیصل علی راجا کمیٹی کے سربراہ جبکہ اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت اور اے آئی جی کمپلینٹس احسان اللہ چوہان انکوائری کمیٹی کے ممبران مقرر کئے گئے ہیں۔ انکوائری کمیٹی تھانہ صدر تاندلیانوالہ پر حملے ، سکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داران کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔