سبزہ زار : اجرتی قاتل گرفتار، قتل کے عوض 2 عمرہ ٹکٹ حاصل کیے

سبزہ زار : اجرتی قاتل گرفتار، قتل کے عوض 2 عمرہ ٹکٹ حاصل کیے

لاہور(کرائم رپورٹر)سبزہ زار پولیس نے دوعمر ہ ٹکٹس کے عوض 2025 کا پہلا قتل کرنے والے شوٹر کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے یکم جنوری کو سبزہ زار میں ہونے والے قتل کا معمہ حل کر کے شوٹر عثمان عرف گرو کو ریاض نامی شخص کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ریاض کو ہم زلف امتیاز نے اجرتی قاتل سے قتل کرایا، واردات مکان کے تنازع پر ہوئی اور قتل کے عوض اسے دو عمر ہ ٹکٹ دیئے گئے جبکہ 30 ہزار روپے اور موٹرسائیکل بھی دینے کا وعدہ کیا گیاتھا۔ مقتول اہلیہ کے ہمراہ بدھ بازار خریداری کیلئے آیا جہاں اجرتی قاتل اسکے ہم زلف کیساتھ جائے وقوعہ تک آیا اورفائرنگ کر کے فرار ہو گیا۔ اس نے ریاض پر چار فائرکئے ،ایک گولی پیٹ میں اور ایک ران پر لگی، ریاض کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ شوٹر کو مقتول کے موبائل پر آنیوالی کال سے ٹریس کیاگیا ۔ ایس ایچ او سبزہ زار امجد ڈوگر نے بتایاعثمان گرو نے ملزم امتیاز صدیق کیساتھ ملکر واردات کی۔تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ریاض کو قتل کرنے پر عثمان کو 30 ہزار اورموٹرسائیکل بھی دی جانی تھی۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے بتایا عثمان ریکارڈ یافتہ مجرم ہے اور تھانہ فیکٹری ایریا ضلع شیخوپورہ کا اشتہاری تھا، اس سے آلہ قتل پستول اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ۔واردات کے منصوبہ ساز امتیاز کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں