چیف جسٹس کی زیرصدارت اجلاس،عدالتی اصلاحات پرغور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی زیرصدارت عدالتی اصلاحات سے متعلق اجلاس میں عدلیہ کے وقار کو ’ورلڈ جسٹس انڈیکس ‘میں بحال کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات پر اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ اجلاس کے آغاز پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے شرکا کا خیرمقدم کیا، جس کے بعد ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں عدالتی عمل کو ڈیجیٹل بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں عوام کو انصاف کی فراہمی کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں عدالتی شفافیت، تیز انصاف اور اصلاحات کے بنیادی اہداف مقرر کیے گئے ۔ اجلاس میں کیسز کے التوا کو کم کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عدلیہ کے وقار کو ورلڈ جسٹس انڈیکس میں بحال کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ میں اصلاحات سے متعلق عوام سے تجاویز لینے کے لیے ‘آن لائن فیڈبیک فارم’ کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر پیش رفت بارے بتایا جبکہ سپریم کورٹ نے عدالتی عمل کو مزید شفاف بنانے کا عزم کیا، اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عدالتی عمل کو جلد از جلد ڈیجیٹل بنایا جائے ۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں افسران کی تجاویز اور آرا پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔