غزہ جنگ بندی معاہدہ ، جماعت اسلامی کا یوم تشکر
لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر غزہ سیزفائرمعاہدہ اور حماس کی کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز سمیت ملک کے طول وعرض میں ریلیاں اور مارچز کا انعقاد ہوا۔
جن سے نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم سمیت مرکزی اور صوبائی قیادت نے خطاب کیا۔ ریلیوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور غزہ میں پندرہ ماہ سے جاری اسرائیلی سفاکیت اور بمباری کے خاتمے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے نعرے لگائے ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قطر میں ہونے والے معاہدے کو حماس کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ مجاہدین غزہ نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی ہے اور اللہ تعالیٰ نے انھیں اس کے ثمر سے نوازا ہے ۔ وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ صہیونی قبضہ سے آزاد ہو گی۔ نائب امیر لیاقت بلوچ نے لاہور میں یوم تشکر ریلی کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ اس موقع پر موجود تھے ، اسلام آبادمیں نائب امیر میاں محمد اسلم اور امیر ضلع نصراللہ رندھاوا نے ریلی کی قیادت کی۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے میرپور سندھ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے غزہ سیز فائر معاہدے کو امت کی فتح قرار دیا۔ شیخوپورہ، لودھراں، دیر اپر، صوابی، سوات، باڑا خیبر، چارسدہ اور دیگر مقامات پر بھی امیر جماعت اسلامی کی ہدایت کے مطابق یوم تشکر ریلیوں اور مارچز کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔