آزادی اظہاررائے ضروری، ریاستی وقار بھی اہم :ملک احمد خان
لاہور (لیڈی رپورٹر،آئی این پی)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نئی اسمبلی بلڈنگ میں جدید سہولیات سے آراستہ میڈیا ہال کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے پہلی سی پی اے کانفرنس کے حوالے سے ایجنڈا جاری کرتے ہوئے کہا کہپنجاب اسمبلی میں 7 اور 8 فروری کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سی پی اے کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں سموگ، دہشت گردی، امن اور خطے کے دیگر اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔کانفرنس میں 20 ممالک کی 100 سے زائد پارلیمانی شخصیات شرکت کریں گی، جن میں 13سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہوں گے ۔کانفرنس میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا احترام ضروری ہے ، تاہم ریاستی وقار اور اداروں کی عزت کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے ۔صدر پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ ملک محمد احمد خان نے صحافیوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا ہے اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے ۔ تقریب میں معزز اراکین اسمبلی ذکیہ شاہنواز، احمد خان لغاری، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب ، صدر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی خواجہ نصیر احمد ، عدنان شیخ اور دیگر معززین بھی شریک تھے ۔دریں اثنا ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد کا کہنا تھا کہ ملک احمد خان کی کاوشوں سے پہلی مرتبہ ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل سی پی اے (کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن)کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے ، جو ایک قابلِ تعریف اقدام ہے ۔