کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، ریلیاں، مظاہرے کنٹرول لائن پر ہاتھوں کی زنجیر

اسلام آباد،مظفر آباد ، لاہور، پشاور ، کوئٹہ ، کراچی (اپنے رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایا گیا، کشمیر بنے گا پاکستان، کراچی تا خیبر پوری قوم کی ایک آواز ،ریلیاں، مظاہرے، ایل او سی، آزاد کشمیرکے داخلی راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔۔۔
صبح 10 بجے آزاد جموں و کشمیر کو پاکستان سے ملانے والے سات پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں جن میں کوہالہ، ہولاڑ، بر ار کوٹ،ٹائیں ڈھلکوٹ، آزاد پتن، د ھان گلی اور منگلا پل شامل ہیں ،باب نیلم چلہانہ،جورا، کنڈ ل شاہی ، لائن آف کنٹرول کیرن ، دودھنیال، شاردہ ، کیل، گریس میں بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بناکر مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیاگیا ، اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی ،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا ، ریلی میں وفاقی وزرا دفترخارجہ کے حکام ،شہریوں کی بڑی تعداد اور سویٹ ہومز کے بچوں نے شرکت کی، شرکا نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پوسٹرز اور بینرز اٹھائے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ وزارت خارجہ سے بھی ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی ،ریلی میں 10 بجکر ایک منٹ پر علامتی سائرن بجائے گئے ، وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ ہائو س تک یکجہتی واک کی گئی ،واک میں سیاسی رہنمائو ں، طلبا، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پشاور میں گورنر خیبر پختونخواکی قیادت میں ریلی نکالی گئی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیرایک دوسرے سے جدانہیں ہوسکتے ،جب تک کشمیری بھائیوں کوآزادی نہیں مل جاتی پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ کھڑارہے گا ، ریلی سیکر ٹر یٹ سے شروع ہو کر گورنر ہاؤس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ لاہور میں مال روڈ پرن لیگ نے ریلی نکالی ، کشمیر ہمارا ہے \'\'ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور لبرٹی چوک میں محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی۔ کوئٹہ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں جس میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کامطالبہ کیا گیا ، کراچی میں وزیر تعلیم، مئیرکی قیادت میں ریلی نکالی گئی ، مقررین نے کشمیری عوام کی بھارتی تسلط و ظلم کیخلاف لازوال جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا اعتراف اور کشمیر میں بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی دنیا کے سامنے اجاگر کیا ،اس موقع پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت اور افواج پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ، آزاد کشمیر، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں ،جلسے جلوس،سیمینارز، کانفرنسزاور آزادی واکس کااہتمام کیا گیا جن میں شرکاء نے پلے کارڈز اور بینراٹھارکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔شرکاء نے پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا اور مظلوم کشمیریوں کامقدمہ عالمی برادری کے سا منے اٹھاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کو اجاگر کیا گیا ،پاک فو ج کے دستے نے تحریک آزادی کشمیر کے ہیروزوشہدا کی یادگار پر سلامی د ی ،مرکزی تقریب آزادکشمیرکے دارالحکومت مظفرآباد میں ہوئی، ،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ورلڈ مینارٹی الائنس کے زیر اہتمام آزادی کشمیر ریلی کا انعقادکیا گیا،ریلی کی قیادت سابق وفاقی وزیر جے سالک نے کی،ریلی سیکٹرجی سکس میں جے سالک کی رہائشگاہ سے شروع ہو کر نیشنل پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی ، وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور مذہبی امور چودھری سالک حسین نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے معاملے میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی توثیق کی ۔