بنگلہ دیشی نیول چیف کا دورہ جی ایچ کیو ، آرمی چیف سے ملاقات

 بنگلہ دیشی نیول چیف کا دورہ جی ایچ کیو ، آرمی چیف سے ملاقات

اسلام آباد، راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر) بنگلہ دیش کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ایم نظم الحسن نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وزیردفاع خواجہ آصف سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں ۔

انہوں نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ علاقائی سلامتی کے ماحول اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایڈمرل محمد نظم الحسن نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کے کلیدی کردار کا بھی اعتراف کیا جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات میں علاقائی ماحول، باہمی سٹراٹیجک مفادات بشمول بحری تعاون اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا ۔خواجہ آصف سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی ۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مالدیپ کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس فورسز میجر جنرل ابراہیم حلمی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم علاقائی معاملات پر یکساں نقطہ نظر کو اجاگر کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے سٹیٹ سیکرٹری اور ڈپٹی وزیر دفاع ہنگری تماث وارگا نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں