سپریم کورٹ:ججز تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن اجلاس آج:لاہور ہائیکورٹ میں بھی مزید4ایڈیشنل ججوں کو لانے کا فیصلہ،25سیشن ججز کے نام 13فروری تک طلب

سپریم کورٹ:ججز تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن اجلاس آج:لاہور ہائیکورٹ میں بھی مزید4ایڈیشنل ججوں کو لانے کا فیصلہ،25سیشن ججز کے نام 13فروری تک طلب

اسلام آباد( کورٹ رپورٹر ) سپریم کورٹ میں 8 نئے ججز کی تعیناتی کے معاملے پر چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج دن دو بجے کانفرنس روم میں ہو گا۔

جبکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن اور پی ٹی آئی رہنما علی ظفر نے چیف جسٹس یحیی آفریدی کو خط لکھ کر آج ہونے والا اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔سپریم کورٹ میں 8 نئے ججز کے لیے پانچوں ہائی کورٹس کے 5 سینئر ججز کے نام طلب کیے گئے ہیں، اجلاس میں پانچوں ہائیکورٹس کے پانچ پانچ سینئر ججز کے ناموں پر غور کیا جائے گا،جبکہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن کے رکن سینیٹر علی ظفر نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز سنیارٹی کا معاملہ حل ہونے تک اجلاس موخر کیا جائے ، ججز کی ٹرانسفر سے اسلام آباد ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ تبدیل ہوگئی ہے ۔جوڈیشل کمیشن کے رکن کا خط میں کہنا تھا کہ ججز تبادلوں سے تاثر گیا کہ سارا بندوبست بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کے لیے کیا گیا ہے ، مناسب ہوگا ججز سنیارٹی کا مسئلہ حل ہونے تک کمیشن اجلاس موخر کیا جائے اور اگر کمیشن کو اجلاس کرنا ہی ہے تو ٹرانسفر شدہ ججز کا معاملہ زیرغور نہ لایا جائے ۔

جبکہ آل پاکستان وکلا ایکشن کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن اجلاس کے موقع پر شاہراہ دستور پر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے ،سپریم کورٹ کے چار ججز نے بھی جوڈیشل کمیشن اجلاس موخر کرنے کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ رکھا ہے ۔ادھر سپریم کورٹ بار ، پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل، کے پی کے بار کونسل، بلوچستان ہائی کورٹ بار ، اور سندھ ہائی کورٹ بار نے مشترکہ اعلامیے میں ہڑتال کو مسترد کر دیا۔اعلامیہ کے مطابق ہم قانونی برادری کے منتخب نمائندے عدلیہ کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں، جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے موقع پر انتشاری لوگوں کی کال کو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں،قانونی برادری میں کچھ نام نہاد شرپسند عناصر اپنے مقاصد کے لیے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ہم منتخب نمائندے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کی مکمل حمایت کریں گے ، اعلامیہ کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کو قانون کے مطابق منظور کیا گیا ہے ، ہڑتال کی کال کا فیصلہ صرف اور صرف منتخب قانونی باڈیز کر سکتی ہیں۔ہم ایسی ہڑتالوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور یہ ہڑتال پہلے کی طرح ایک دفعہ پھر ناکام ہوگی۔

لاہور (محمداشفاق سے )لاہور ہائیکورٹ میں 4سیشن ججز کی بطور ایڈیشنل ججز اسامیوں کے لیے ٹاپ 25سیشن ججز کے نام 13فروری تک جوڈیشل کمیشن نے طلب کرلیے ۔لاہور ہائیکورٹ میں 4سیشن ججز کی بطور ایڈیشنل جج تقرری کے لیے سنیارٹی لسٹ میں پنجاب کے پہلے 25سیشن ججز کے نام جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے مانگ لیے جس کے بعد 25 سیشن ججز کی تمام تفصیلات 13فروری تک جوڈیشل کمیشن کو بھجوادی جائیں گی جن 25ججز کے نام زیر غور ہیں ان میں سنیارٹی لسٹ کے مطابق پہلے نمبر پر چودھری عبدالرشید عابد،عرفان احمد سعید،راجہ غضنفر علی خان،قیصر نذیر بٹ،محمد اکمل خان ،ریحان بشیر ،ندیم گلزار ،ملک منیر احمد،محمد ابراہیم اصغر ،خالد ارشد،راجہ قمر الزمان، محمد سلیم ، چودھری محمد طارق جاویدتنویر احمد شیخ، چودھری محمد الیاس،طارق محمود زرغام،عابد حسین، عبدالرزاق، شاہد اسلام،جزیلہ اسلم،سید فیصل رضاگیلانی،عبدالرحیم،عابد رضوان عابد،خالد محمود بھٹی،امجد اقبال رانجھاکے نام شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں