تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر لیکن عام آدمی کو بےروزگار بھی نہیں کرینگے: مریم نواز

تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر لیکن عام آدمی کو بےروزگار بھی نہیں کرینگے: مریم نواز

لاہور (دنیا نیوز،اے پی پی )مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

شرکا نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر بھی وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ قائد نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں۔ شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں۔ لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا، اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا، زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں مسلم لیگ (ن)آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے ، ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا۔ انہوں نے کہا مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے ،پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فی صد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بننا ہی پڑتا ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل سے نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں۔ سمیع اللہ خان، غزالی سلیم بٹ، محمد ریاض، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ عمران نذیر، سہیل شوکت بٹ، ملک محمد وحید، خواجہ سلمان رفیق، ملک غلام حبیب اعوان اور چودھری محمد نواز ،ملک اسد علی کھوکھر، ملک شہباز علی کھوکھر، عمران جاوید، رانا راشد منہاس، محمد انس محمود، عرفان شفیع کھوکھر، بلال یاسین، مرغوب احمد، ملک فیصل ایوب کھوکھر ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افرادکی بحالی کا بڑا اور اہم فیصلہ کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے تجاوزات کے خلاف مہم سے متاثرہ چھوٹے کاروبار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا ٹریفک میں آسانی کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے ، لیکن عام آدمی کو بے روزگار بھی نہیں کریں گے ۔ کسی غریب سے روزگار نہیں چھیننا چاہتے ۔بے روزگار ہونے والے افرادکے لئے متبادل انتظام ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ افراد کے لئے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔مریم نواز نے کہا ہر شہر میں بے ہنگم تجاوزات کی وجہ سے بازار وں سے گزرنا محال تھا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سپیشل افرادکیلئے معاون آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا،آلات کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی ۔پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں نقل و حمل کی صلاحیت سے محروم سپیشل افراد کوویل چیئر مفت فراہم کی جائے گی۔ سماعت سے محروم افراد کوخصوصی آلہ سماعت فراہم کیاجائے گا۔معاون آلات کے لئے گھر بیٹھے آن لائن پورٹل adwc.punjab.gov.pk پر اپلائی کیا جاسکتاہے ۔ معذور افرادکا شناختی کارڈ یا بے فارم اور ڈسٹرکٹ ڈس ابیلٹی اسیسمنٹ بورڈ کا جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔ مریم نواز نے کہا سپیشل افرادکی بحالی اور بہتری کا عہد ضرور پورا کریں گے ۔ سپیشل افرادکیلئے پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سنٹرپراجیکٹ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں