ادارے چاہتے حکومت دو سال چلے ،عمران تیارنہیں، جنید اکبر

پشاور(آئی این پی)پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبرنے کہا ہے کہ نومئی سے پہلے اور بعد میں اداروں سے رابطے رہے ، تمام معاملات طے پا چکے ہیں، حکومت اور ادارے چاہتے ہیں یہ حکومت مزید دو سال چلے ،مگر بانی پی ٹی آئی اس پر راضی نہیں ہو رہے۔
ایک انٹرویو میں جنید اکبر نے کہا ہے کہ تمام کیسز ختم ہو جائیں گے بانی کو پہلے بنی گالہ یا نتھیاگلی اور دوسرے مرحلے میں رہا کر دیا جائے گا ۔الیکشن سے پہلے یہ بھی کہا گیا پی ٹی آئی حکومت بنا لے مگر بانی کو مائنس کر دیا جائے ۔ جنید اکبر کا کہنا تھا کہ ہمارے اداروں سے رابطے نومئی سے پہلے بھی تھے بعد میں بھی رہے تمام معاملات طے پا چکے ہیں بس ایک معاملے پر اختلاف ہے ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں میری یا علی امین گنڈاپور کی کوئی اہمیت نہیں، اہم صرف بانی پی ٹی آئی اور ووٹرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی کارکردگی میرے دائرہ اختیار میں نہیں، بانی نے مجھے صوبائی حکومت کی کارکردگی دیکھنے کی ذمے داری نہیں دی۔صوابی جلسے کے ہمارے دو مقصد تھے ، ایک مقصد فنانس کا تھا کہ کیا ہم کوئی ایکٹیوٹی کرسکتے ہیں یا نہیں، دوسرا لوگ غلط فہمی پھیلا رہے تھے کہ 26 نومبر کے بعد لوگ نہیں نکلیں گے ۔اُن کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ گولیاں ساتھ لانی ہیں، میں نے کہا تھا گولیاں کھانے کی تیاریوں کے ساتھ آئیں گے ۔