عمران و دیگر کیخلاف جی ایچ کیوحملہ کیس،گواہ کا بیان قلمبند

عمران و دیگر کیخلاف جی ایچ کیوحملہ کیس،گواہ کا بیان قلمبند

اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ،خبرنگار)بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر کیخلاف 9مئی کے سب سے بڑے مقدمے جی ایچ کیو حملہ کیس میں استغاثہ کے سب سے اہم ترین گواہ احمد یار سب انسپکٹر نے بیان قلمبند کرادیا۔

 اڈیالہ جیل میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ شیخ رشید احمد، فواد چودھری،کنول شوذب، شہریار آفریدی، اجمل صابر، شبلی فراز،  عمر ایوب اور دیگر ملزمان اور وکلا موجود تھے ،احمد یار کے ریکارڈ کرائے گئے 16صفحات پر مشتمل بیان میں کہا گیا گرفتار ملزموں نے شہریار آفریدی اور علی امین گنڈا پور کی ایما پر جی ایچ کیو پر حملے کا اعتراف کیا۔ ملزموں نے بیان دیا کہ علی امین گنڈا پور اور شہریار آفریدی فیض آباد کی جانب سے آئے اور انہیں جی ایچ کیو جانے کا اشتعال دلایا اور اکسایا۔ وکلا صفائی نے شہریار آفریدی کے نام پر اعتراض کیا جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ سب انسپکٹر احمد یار نے اپنی شہادت کے دوران 38 ریکوری میمو بھی عدالت پیش کیے ، پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے مال مقدمہ بشمول پٹرول بم، ڈنڈے ،جھنڈے ، موبائل فونز، جلے ہوئے ٹائر، ٹائروں کی راکھ، اور دیگر سامان پیش کیا۔ ممبر پراسیکیو شن ٹیم نوید ملک نے اٹک جیل میں ملزموں کی شناخت کرنے والے مجسٹریٹ محمود عالم کا بیان ریکارڈ کرایا،مجسٹریٹ محمود عالم نے ساڑھے تین سو صفحات پر مشتمل ملزمان کی شناخت پریڈ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی،آئندہ سماعت پر مقدمہ کے مدعی سب انسپکٹر ریاض بطور گواہ عدالت پیش ہوں گے۔

پراسیکیوشن نے آئندہ سماعت پر مزید 8 گواہوں کو بھی طلب کر لیا ہے ۔دریں اثنا اسلام آباد میں سول جج مرید عباس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس میں جیل ٹرائل کیلئے لکھے گئے خط کا جواب نہ آنے پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے بیان پر درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹادی،عدالت نے کہاکہ فوکل پرسن کے ذریعے گنڈاپور کا نام بھی بھجوایا جائے ، اگر بانی ملاقات کرنا چاہیں تو ملاقات بھی کرائی جائے ۔مزید برآں جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس، جلاؤگھیرا ؤمیں انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے عمران خان سمیت غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری اور مسلسل غیر حاضرملزموں کے مچلکے منسوخ کر دئیے ، کیس کی جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی،ملزم بانی پی ٹی آئی کی غیر حاضری کے باعث گزشتہ روز بھی ٹرائل کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی،جیل حکام نے بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بانی کو عدالت پیش نہیں کیا جا سکتا۔آئندہ سماعت 27 فروری کو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں