بنوں حملہ:منصوبہ ساز اور سہولت کار چاہے کہیں بھی ہوں،جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا:آرمی چیف

بنوں حملہ:منصوبہ ساز اور سہولت کار چاہے کہیں بھی  ہوں،جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا:آرمی چیف

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر کی ایما پر کام کرنے والے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

پاک فوج ریاست کی سلامتی، استحکام یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی اور ملکی استحکام کیلئے دہشت گردی کے خلاف دفاع کا فریضہ ادا کرتی رہے گی۔جنرل عاصم منیر نے مقامی برادری کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے ، انہوں نے یقین دلایا کہ مسلح افواج پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی،پاک فوج دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ اگرچہ بنوں حملہ کے ذمہ داروں کو بہادر فوجیوں نے فوری طور پر ہلاک کردیا تاہم اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بھی جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔ بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت شہریوں کو وحشیانہ طور پر نشانہ بنانے سے خوارج کے اسلام دشمن ہونے کے حقیقی عزائم بے نقاب ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 4 مارچ کو فتنہ الخوارج کے دہشتگرد حملے کے بعد بنوں کا دورہ کیا، انہوں نے کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا، آرمی چیف کو جاری آپریشنز اور علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ بنوں میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی مستقل مزاجی اور غیر متزلزل عزم کو سراہا ۔ جنرل عاصم منیر نے جانیں گنوانے والے بے گناہ شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دشمن عناصر کی ایما پر کارروائی کرنے والے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد گروہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،حالیہ دہشت گرد حملوں میں غیر ملکی ہتھیاروں کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان ایسے عناصر کی محفوظ پناہ گاہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں