عمران خان کو پیرول پر رہا کرکے اے پی سی میں بلایا جائے:تحریک انصاف

عمران خان کو پیرول پر رہا کرکے اے پی سی میں بلایا جائے:تحریک انصاف

راولپنڈی ،اسلام آباد، لاہور (خبر نگار ، اپنے نامہ نگار سے ،سیاسی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اے پی سی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیرول پر رہا کرکے بلایا جائے یہ وقت کسی جماعت کو ختم کرنے کا نہیں، عوام کے درمیان خلیج مٹانے کا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان سب کو اکٹھا کرنے میں کردارادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  عمران خان کے خلاف سیاسی کیسز ہیں، دہشت گردی کے اہم ایشو پر عمران خان کو پیرول پر باہر لایا جاسکتا ہے ،اگر حکومت سنجیدہ ہے تو سنجیدگی دکھانی بھی پڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دہشتگردی کے مسئلے پر مکمل سیاسی سپورٹ دینے کے لئے تیار ہے ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال بہت ہی تشویشناک ہے اس پر نظر ثانی ہونی چا ہئے ،پاک فوج کے جوانوں کا روزانہ خون بہہ رہا ہے یہ کیوں بہہ رہا ہے ۔یہ واقعات اس لئے ہو رہے ہیں ہماری ایجنسیز سیاسی انجینئرنگ میں لگی ہوئی ہیں۔میرا تو خاندان سارا پاک فوج میں ہے ، غازیوں کا قبرستان ہے ہماراہم نے جگہ جگہ ملک کی خاطر خون دیا ۔ملک کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ وقت کسی جماعت کو ختم کرنے کا نہیں بلکہ عوام کے درمیان خلیج مٹانے کا ہے ۔یہ وقت پاکستان کی آواز کو سننے کا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بلوچستان کی آواز کو سنیں۔ ہم تمام صوبوں میں امن چاہتے ہیں۔ جب تک آئین کی بالادستی نہیں ہو گی تب تک ملک میں امن نہیں آئے گا۔ سیاست عوام اور ریاست کے درمیان ایک راستہ ہے ۔

بلوچستان میں ہمیں جمہوریت کو لانا ہو گا۔ علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے ۔جعفر ایکسپریس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔سکیو رٹی کے ادارے بے بس نظرآرہے ہیں۔حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہئے ۔وزیر دفاع کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چا ہئے ۔صدر پی ٹی آئی کے پی کے جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہمیں متحد ہونا ہو گا ،انکو ٹویٹر سے تکلیف ہوتی ہے لیکن ہمارے ساتھ جو ہو رہاہے وہ انہیں نظر نہیں آتا ؟قیادت فیصلہ کرے گی کہ اڈیالہ کے باہر ہم نے عید سے قبل یا بعد،کب کیمپ لگانا ہے ،احتجاج میں ہم نے جانا ہے ۔میں رابطوں کا حصہ نہیں ہوں نہ کسی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے ۔پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کو ہم نے ختم کر دیا تھا،ہمارے دور میں پاکستان سیاحت کا مرکز بن گیا تھا۔عالیہ حمزہ چیف آرگنائزر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بانی پی ٹی آئی کی جیل سے واپسی ضروری ہے ۔ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اس کو بچانے کے لئے ترجیحات یہ ہیں سیاسی پارٹی کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔بانی پی ٹی آئی پنجابیوں،بلوچیوں،پٹھانوں اور سندھیوں کو ایک کر سکتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی ہی ملک کو ایک پیج پر لاسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں