پٹرول پمپس پر الیکٹرانک وہیکلزچارجنگ مہیا کرنے کی تجویز
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخواستوں پر تجویز دی ہے کہ پٹرول پمپس پر الیکٹرک وہیکلز چارجنگ کی سہولت فراہم کی جائے ۔
جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ تمام پٹرول پمپس پر الیکٹرانک وہیکلز چارجنگ کی سہولت ہونی چاہئے ،عدالت نے واٹر میٹرز کی تنصیب پر واسا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ واٹر میٹرز کی تنصیب کیلئے ایمرجنسی لگائی جائے ، پانی کی دن بدن خراب ہوتی صورت حال پر ایمرجنسی لگا کر واٹر میٹرز کی تنصیب یقینی بنانی چاہئے ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے اور ڈی ایچ اے تمام سیکٹرز میں کم از کم ایک میواکی جنگل لگائے جبکہ عدالت نے پی ایچ اے کو نہری پانی کے کھالے بحال کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا،عدالت نے ایل ڈی اے کو ماحول دوست عمارتوں کی سرٹیفیکیشن کے بارے میں پالیسی رپورٹ داخل کرانے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے تجویز دی کہ حکومت کو پٹرول رکشوں کو الیکٹرک رکشا میں بدلنے کیلئے کوئی پلان ترتیب دینا ہوگا،عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی ۔