نیب لاہور میں اتوار کوبھی ایڈن متاثرین میں چیک تقسیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو(نیب)لاہور میں اتوار کے روز بھی ایڈن متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہا، ڈی جی نیب لاہور احترام ڈار اور اہلیہ نے چیک وصولی کیلئے آنے والے متاثرین کو چیئرمین نیب کی طرف سے گلدستے پیش کئے اور تقسیم کے تمام مراحل کی ازخود نگرانی کی اور عوام کی سہولیات کیلئے موقع پر ہدایات بھی جاری کیں۔
چیئرمین نیب کی ہدایت پر ایڈن سکینڈل متاثرہ خواتین کی سہولت کیلئے نیب کی فیمیل آفیسرز بھی اتوار کو ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور نے کہا نیب نے تین ایام میں ایڈن سکینڈل کے سینکڑوں متاثرین کو کروڑوں کے چیک حوالے کئے ،تمام متاثرین کی سہولت کیلئے انہیں شٹل سروس فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم تمام متاثرین کی آسانی کے پیش نظر نیب نے سٹامپ پیپر کی شرط بھی ختم کردی ہے ۔ ڈی جی نیب لاہور نے عید الفطر سے قبل ایک اور میگا سکینڈل میں اہم ریکوری اور متاثرین کو ڈوبی رقوم کی عید سے قبل ہی تقسیم کی خوشخبری بھی دی۔ چیک وصول کرنے والے متاثرین نے کہا نیب لاہور کی جانب سے اعلٰی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس پر چیئرمین اور ڈی جی نیب لاہور کے شکر گزار ہیں۔ متاثرین نے عیدسے قبل ڈوبی رقم کی برآمدگی پر نیب لاہور اور انتظامیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ڈی جی نیب لاہور نے متاثرین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایڈن سکینڈل کے تمام 11ہزار متاثرین کو 1 ارب 16 کروڑ کی مکمل ادائیگی تک نیب لاہور اپنے اقدامات جاری رکھے گا۔