پیپلزپارٹی کاپنجاب میں عوامی رابطہ مہم تیزکرنے کا فیصلہ

لاہور(سپیشل رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی نے عیدالفطر کے بعد پنجاب میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ،گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اس حوالے سے پارٹی کو پالیسی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کا مشاورتی اجلاس گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہو رمیں ہوا ،گورنرپنجاب کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ ،ندیم افضل چن،شہزادچیمہ،عبدالقادرگیلانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کو عیدالفطر کے بعد عوامی رابطہ مہم تیز کر نے کی ہدایت کی گئی ،گورنر نے اس حوالے سے پارٹی کو پالیسی بھی دے دی ۔سلیم حیدرخان کا کہناتھاکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی دوسری جماعتوں کو ٹف ٹائم دے گی،پیپلز پارٹی کے کارکن اور سینئر رہنما کارنر میٹنگز کا انقعاد کریں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ن لیگ کی اتحادی جماعت ضرورہیں لیکن خاموش تماشائی نہیں ،پیپلز پا رٹی پاک فوج کے شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور ان کے مسا ئل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے گی،پیپلز پارٹی اورمیں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سرحدوں پر ہماری حفاظت کر نے والے پاک فوج کے جوان ہمارا فخر ہیں۔گورنرنے کہاکہ میراگور نر ہاؤس میں مقصد بلاول بھٹو کو عوامی مینڈیٹ سے وزیراعظم بنانا ہے ۔